امریکی گلوکارہ برٹنی اسپیئرز نے ایرانی نژاد اداکار سے منگنی کرلی

لاس اینجلس : معروف امریکی گلوکارہ برٹنی اسپیئرز نے ایرانی نژاد اداکار سیم اصغری سے منگنی کرلی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا کی مشہور گلوکارہ 39 سالہ برٹنی اسپیئر نے اپنے دوست سیم اصغری سے منگنی کا اعلان ویڈیو و تصویر شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام پر ایک ویڈیو کے ذریعے کیا۔

سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گلوکارہ ایرانی نژاد اداکار کے ہمراہ کھڑی ہیں منگنی کی انگوٹھی مداحوں کو دکھا رہی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سیم اصغری اور برٹنی اسپیئر میں تقریباً پانچ سال سے دوستی کا رشتہ قائم ہے اور وہ بہت جلد ایرانی نژاد اداکار سے شادی کا ارادہ رکھتی ہیں۔

واضح رہے کہ 27 سالہ سیم اصغری ایرانی دارالحکومت تہران میں پیدا ہوئے تھے لیکن 12 برس کی عمر میں اپنے والدین کے ہمراہ امریکی شہر لاس اینجلس منتقل ہوگئے تھے جہاں انہوں نے شوبز کی دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔