اقوام متحدہ کی افغانستان کیلئے فوری 60 کروڑ60 لاکھ ڈالر امداد کی اپیل 

 جنیوا:اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے افغانستان کی فوری امداد کیلئے عالمی برادری سے 60 کروڑ60 لاکھ ڈالر امداد کی اپیل کرتے ہوئے انتباہ کیا ہے کہ افغانستان کی عوام کو بدترین معاشی صورتحال کا سامنا ہے اگر فوری امداد نہ کی گئی تو رواں ماہ کے آخر تک افغانستان میں اشیائے خوردونوش ختم ہوسکتی ہیں۔

 ورلڈ فوڈ پروگرام کے مطابق افغانستان میں ایک کروڑ 40 لاکھ افراد کو قحط کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے یہ انتباہ اور اپیل انہوں نے جنیوا میں ہونے والی افغانستان سے متعلق عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کی۔

 کانفرنس میں امریکہ کی جانب سے 6 کروڑ40 لاکھ ڈالر، ناروے کی جانب سے ایک کروڑ15 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا گیا۔

 کانفرنس میں پا کستان کی نمائندگی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ورچوئل شرکت کے ذریعے کی اور کہاکہ افغانستان میں ماضی کی غلطیوں کو نہ دہرایا جائے۔

 افغان عوام کو مشکل میں تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے۔ بیرون ملک منجمد کیے گئے افغان اثاثے بحال کیے جائیں۔