ایل آر ایچ پشاور میں پولیس اہلکار پرتشدد،دو میڈیکل ریپس گرفتار

میڈیا رپورٹس کے مطابق  پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکار نے دوا ساز کمپنی کے نمائندوں کو مریضوں کے اوقات میں ڈاکٹر کے کمرے میں داخل ہونے سے منع کیا تو میڈیکل ریپس آپے سے باہر ہو گئے اور انہوں نے پولیس اہلکار پر لاتوں اور مکوں کی برسات کر دی۔
رپورٹس کے مطابق دو میڈیکل ریپس نے ذیشان نامی پولیس کانسٹیبل کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے واقعے کے بعد کارروائی کرتے ہوئے میڈیکل ریپس کو گرفتار کر لیا ۔

پولیس کے مطابق میڈیکل ریپس کی شناخت زین اور عرفان کے نام سے ہوئی ، جنہیں کابلی پولیس اسٹیشن میں گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا گیا ۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ، جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔