نئی افغان حکومت کی پاکستان سے سول ایوی ایشن میں مدد کی درخواست

نئی افغان حکومت نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کو خط لکھا ہے جس میں پاکستان کیلئے پروازیں بحال کرنے کی اجازت طلب کرنے کیساتھ سول ایوی ایشن کے شعبہ میں پاکستان سے مدد کی بھی درخواست کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان سول ایوی ایشن کی جانب سے سیکرٹری پاکستان سول ایوی ایشن کو خط لکھا گیا ہے،جس میں افغانستان کی قومی ائیر لائنز، آریانا افغان ائیر لائن اور کام ائیرکی پاکستان کیلئے شیڈول پروازوں کی اجازت طلب کی گئی ہے۔

خط کے مطابق افغانستان اور  پاکستان کے درمیان پروازوں کی اجازت دونوں ملکوں کے مابین ایم او یو کی بنیاد پر مانگی گئی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوجیوں نے جاتے ہوئے کابل ایر پورٹ کی تنصیبات تباہ کردی تھیں مگر اب ہمارے قطری بھائیوں نے ائیر پورٹ بحال کردیا ہے۔

امارت اسلامیہ افغانستان نے پاکستان سی اےاے کو بذریعہ خط اطلاع دی ہے کہ  کابل ائیر پورٹ بحال ہوگیا ہے۔

خط میں نئی افغان حکومت نے سول ایوی ایشن کے شعبہ میں پاکستان سے مدد کی بھی درخواست کی ہے۔