دوحہ: افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے پنجشیر کی لڑائی میں پاکستان کے ملوث ہونے کے الزامات کی تردید کر دی۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے ایرانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی وادی پنجشیر میں پاکستان کے ملوث ہونے کے الزامات محض پروپیگنڈا ہیں۔
طالبان نے سپر پاور امریکا کے خلاف 20سالہ جنگ میں کسی ملک سے مدد نہیں لی۔
ان کا کہنا تھا کہ طالبان کے پاس تجربہ کار جنگجو اور جدید اسلحہ موجود ہے، طالبان کی موجودہ کابینہ عارضی ہے، مستقبل کی حکومت میں دیگر قومیتوں کے مزید رہنماں کو شامل کیا جائے گا۔
موجودہ کابینہ خلا پر کرنے کے لئے قائم کی گئی ہے تاکہ لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی جاری رہے۔
سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ طالبان مشترکہ حکومت کے قیام پر یقین رکھتے ہیں، موجودہ کابینہ میں نائب وزیر اعظم ازبک، اور چند وزرا تاجک ہیں۔
خواتین کو اسلامی اقدار کے مطابق تمام حقوق دیئے جائیں گے۔