سینئر اداکار نعمان اعجاز کے بڑے صاحبزادے ماڈل زاویار اعجاز بھی ماضی کے مقبول ڈرامے ’سنگ مر مر‘ کے سیکوئل میں والد کے ہمراہ اداکاری کرتے دکھائی دیں گے۔
’سنگ مر مر‘ کے سیکوئل پر گزشتہ چند ماہ سے کام جاری ہے اور مذکورہ ڈرامے سے گلوکار عاطف اسلم بھی ٹی وی پر ڈیبیو کرنے جا رہے ہیں۔
خبریں ہیں کہ عاطف اسلم کی طرح ’سنگ مر مر‘ کے سیکوئل ’سنگ ماہ‘ سے نعمان اعجاز کے بڑے صاحبزادے زاویار اعجاز بھی والد کے ساتھ ڈیبیو کرنے جا رہے ہیں۔
متعدد شوبز سوشل میڈیا پیجز اور ویب سائٹس کی جانب سے ذرائع سے بتایا گیا کہ زاویار اعجاز بھی ’سنگ ماہ‘ کا حصہ ہیں اور وہ شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
اگرچہ تاحال زاویار اعجاز یا ’سنگ ماہ‘ کی ٹیم نے تصدیق نہیں کی لیکن کچھ ہفتے قبل نعمان اعجاز کے بیٹے نے انسٹاگرام اسٹوری میں ایک ڈرامے کا اسکرپٹ شیئر کیا تھا، جس سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ وہ بھی والد کے ساتھ اداکاری کرنے جا رہے ہیں۔
’سنگ ماہ‘ میں نعمان اعجاز بھی مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے جب کہ مذکورہ ڈرامے میں ہانیہ عامر، کبریٰ خان، عاطف اسلم، ثانیہ سعید، سامیہ ممتاز اور میکال ذوالفقار بھی شامل ہیں۔