برقع میں خود کو محفوظ سمجھتی ہوں، وینا ملک

کراچی: اداکارہ و میزبان وینا ملک کا کہنا ہے کہ حکومت کو شوبز کے اندر لباس کی حد مقرر کرنی چاہئے اور شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک ڈریس کوڈ دینا چاہئے۔ برقع میں خود کو محفوظ سمجھتی ہوں۔

وینا ملک نے ڈی ڈبلیو کو انٹرویو دیتے ہوئے افغانستان میں طالبان کی حکومت اور وہاں کی خواتین کے لباس کے بارے میں بات کی۔

میزبان نے وینا ملک سے پوچھا آپ نے افغانستان میں طالبان حکومت کے قبضے کی حمایت کرتے ہوئے کہا طالبان کو افغان مبارک ہو۔

وینا ملک نے میزبان کی اس بات کے جواب میں کہا آپ نے کہا طالبان نے افغانستان پر قبضہ کیا جب کہ طالبان نے افغانستان میں حکومت بنائی ہے اور مجھے لگتا ہے افغانستان طالبان کا ہی ہے۔ یہ ان کی زمین ہے ان کی جگہ ہے جس کے لیے انہوں نے اتنی لمبی جنگ لڑی ہے۔

میزبان نے وینا ملک سے پوچھا آپ نے اپنے انسٹاگرام پر برقعے میں تصویر ڈالی ہے تو کیا آپ بھی افغانستان جانے کی تو تیاری نہیں کررہیں؟

وینا ملک نے کہا انشااللہ مجھے قندھار بہت پسند ہے اور مجھے وہاں جاکر بہت اچھا لگے گا۔ اور جہاں تک بات ہے برقع پہننے کی تو برقع میری زندگی کا حصہ ہے۔

میں 13 سال کی عمر سے برقع پہن رہی ہوں۔ میں آج بھی جب باہر جاتی ہوں تو برقع پہنتی ہوں اس لیے نہیں کہ کسی نے مجھ پر دباؤ ڈالا ہے بلکہ اس لیے کہ یہ میری چوائس ہے برقع میں میں خود کو محفوظ سمجھتی ہوں۔