وویک اوبرائے نے والد کو مہنگی ترین گاڑی گفٹ کردی، ویڈیو وائرل

بالی ووڈ اداکار وویک اوبرائے نے اپنی گاڑیوں کی کلیکشن میں ایک نئی اور شاندار رولز رائس کلینن بلیک بیج شامل کرلی۔

 اداکار نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے والدین اور اہلیہ کے ساتھ اس نئی کار میں سیر کی اور  اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مداحوں کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ گاڑی کی چابی اپنے والدین کو دیتے نظر آئے اور بعد میں انہیں سیر بھی کرائی۔

ویڈیو کے ساتھ انہوں نے کیپشن لکھا ’کامیابی مختلف شکلوں اور انداز میں آتی ہے، آج یہ اس طرح نظر آرہی ہے۔ خاندان کے ساتھ زندگی کے خاص لمحات منانے پر بے حد شکر گزار ہوں‘۔

 رپورٹس کے مطابق رولز رائس کلینن بلیک بیج کی قیمت اس وقت تقریباً 12.25 کروڑ روپے ہے۔

یاد رہے کہ وویک گاڑیوں کے شوقین ہیں ان کی کلیکشن میں لیمبورگینی ایونٹادور اور نیلے رنگ کی فسکر جیسی قیمتی گاڑیاں شامل ہیں جس کے بعد رولز رائس کلینن بلیک بیج اس کلیکشن میں شاندار اضافہ ہے۔

ایک انٹرویو میں وویک نے اپنی اہلیہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ پریانکا سے کیسے ملے تھے، ان کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ نے انہیں پریانکا سے ملنے کی تجویز دی تھی، جو اُس وقت نیویارک میں ایم بی اے کر رہی تھیں ملاقات کے بعد دونوں کے تعلقات استوار ہوئے جس کے بعد وویک اور پریانکا 2010 میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے، اس خوبصورت جوڑے کے 2 بچے بھی ہیں۔