اسلام آباد:یوٹیلیٹی اسٹورز کی کروڑوں روپے مالیت کی لاکھوں ٹن سستی چینی سمگل کرنے کا بڑا سکینڈل سامنے آگیا ہے۔
وزارت صنعت و پیداوار اور یوٹیلیٹی اسٹورز کے افسران کی ملی بھگت سے یوٹیلیٹی اسٹورز کی لاکھوں ٹن چینی افغانستان سمگل کرنے کی کوشش کی گئی تاہم کسٹم حکام نوشہرہ نے یوٹیلیٹی اسٹورز کی 2 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن چینی افغانستان سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
ذرائع کے مطابق کسٹم حکام کی جانب سے پکڑی گئی چینی کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔
افغانستان سمگل کی جانیوالی چینی اسلام آباد نارتھ، اسلام آباد ساؤتھ اور راولپنڈی کے وئیر ہاؤس سے چوری کی گئی ہے۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کی چینی کا ایک اور ٹرالر ایف آئی اے نے گوجر خان میں اپنی تحویل میں لے لیا۔
ذرائع کا کہناہے کہ گوجر خان میں پکڑے جانیوالے ٹرالر میں 35 ہزار میٹرک ٹن چینی موجود ہے۔
گوجر خان میں پکڑے جانے والے ٹرالر کی چینی لاہور کے وئیر ہاؤس سے چوری کی گئی۔
وزارت صنعت و پیداوار اور یوٹیلیٹی اسٹورز کے افسران کسٹم حکام سے چینی چھڑوانے کے لیے ساز باز میں مصروف ہیں۔