لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجہ نے شائقین کرکٹ کے نام اہم ویڈیو پیغام شیئر کردیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر رمیز راجہ کا ویڈیو پیغام شیئر کیا گیا جس میں ان کا کہنا ہے کہ شائقین کا اور ہمارا درد ایک جیسا ہے، جو کچھ ہوا وہ پاکستان کرکٹ کے لیے ٹھیک نہیں۔
رمیز راجہ نے کہا کہ ہم کیا امید کررہے تھے اور کیا ہوگیا، ہم پہلے بھی اس طرح کی چیزوں کا سامنا کر چکے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ہم ہمیشہ سے آگے بڑھے ہیں، انشا اللہ پھر سے دنیا کو چیلنج کریں گے، اس صورت حال سے باہر نکل آئیں گے۔
رمیز راجہ نے کہا کہ ہم ڈومیسٹک لیول پر ورلڈ کلاس ٹیم بناکر پرفارم کرسکتے ہیں، مداحوں سے کہتا ہوں کہ ٹیم کا ساتھ دیں اور ورلڈ کپ میں ٹیم کو بھرپور سپورٹ کریں۔
انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کا جو بھی غصہ ہے وہ کارکردگی دکھا کر نکالیں، یہی دنیا کو دکھانے کے لیے اچھا علاج ہے، جب آپ دنیا کی بہترین ٹیم بن جائیں گے تو پاکستان میں سیریز کی لائنیں لگ جائیں گی اور سب آپ کے ساتھ کھیلنا چاہیں گے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ہمارے بس میں جو ہوگا وہ انشا اللہ کریں گے، شائقین کو اچھے نتائج اور اچھی خبریں ملیں گی۔