پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں جاندار اداکاری کے سبب اپنے نام کی دھاک بٹھانے والے اداکار عدنان شاہ ٹیپو نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں سدا بہار اداکارہ مادھوری کے ساتھ فلم کی پیشکش کی گئی تھی۔
اداکار نے ایک ویب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے یادگار قصہ مداحوں کے گوش گزار کیا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ بھارتی فلم ساز 'وِشال بھاردواج' سے میری بات چیت جاری تھی، انہوں نے مجھ سے کہا کہ فلم میں ایک کردار کیلئے میرا دوست کاسٹنگ ڈائریکٹر 'ہنی تھرن' آپ کا آڈیشن لینا چاہتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 2014 کی فلم 'ڈیڑھ عشقیہ' میں انہیں نواب کے کردار کی پیشکش کی گئی تھی، جس کیلئے ان کے 9 آڈیشن لیے گئے جن میں وہ کامیاب ہوئے۔
عدنان شاہ ٹیپو کا کہنا تھا کہ اس وقت کسی کا بھارت کا ویزا نہیں لگ رہا تھا، وشال بھاردواج خود دہلی گئے اور انہوں نے میرے ویزے کیلئے کوششیں کیں لیکن ناکام رہے۔
اس فلم میں ارشد وارثی سمیت نصیرالدین شاہ بھی موجود تھے۔ اگر انسان ایسے لوگوں کے درمیان کام کرتا ہے تو اس کی صلاحیتیں مزید نکھر کے سامنے آتی ہیں۔
دوران انٹرویو اداکار نے کہا کہ صرف ویزا کی وجہ سے میں وہ فلم نہیں کرسکا جس کا مجھے کافی ملال ہے۔ لیکن اب میں صبر کرکے آگے بڑھ چکا ہوں۔
میں نے ایک فنکار کی حیثیت سے ہمیشہ مادھوری کی عزت کی ہے، وہ بہت اچھا کام کرتی ہیں۔