لاطینی امریکی ملک ارجنٹائن پاکستان سے 12 جے ایف 17 لڑاکا طیارے خریدے گا، جس کیلئے ارجنٹائن حکومت نے کانگریس کو پیش کیے گئے مسودہ بجٹ میں 664 ملین ڈالر کی رقم بھی مختص کردی۔
غیر ملکی ویب رپورٹس کے مطابق ارجنٹائن پاکستان سے 10 سنگل سیٹر جب کہ 2 ڈبل سیٹر طیارے خریدنے کا خواہاں ہے، اس سے قبل وہ اس قسم کے طیارے برطانیہ اور جنوبی کوریا سے خریدنا چاہتا تھا۔
رپورٹس کے مطابق ارجنٹائن پاکستان سے 12 جے ایف 17 طیارے خریدنے کا خواہشمند ہے۔ جس کے لیے ارجنٹائن کی حکومت نے بجٹ کا مسودہ بھی ایوان نمائندگان میں پیش کردیا ہے۔ ارجنٹائن کی حکومت نے طیاروں کی خریداری کی مد میں 66 کروڑ 40 لاکھ امریکی ڈالرز کے مساوی رقم رکھی گئی ہے۔
واضح رہے کہ جے ایف 17 تھنڈر ایک جنگی طیارہ ہے جسے پاکستان اور چین نے مل کر تیار کیا ہے۔ اس کی افادیت 27 فروری 2019 کو دنیا پر اس وقت واضح ہوئی جب پاک فضائیہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فضائیہ کی در اندازی کو ناکام بنا دیا اور 2 بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا۔ ایک بھارتی لڑاکا طیارہ مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ ہوا جبکہ دوسرا طیارہ پاکستان کے علاقے آزاد کشمیر میں گرا۔ بھارت کا مِگ 21 طیارہ آزاد کشمیر میں تباہ کیے جانے کے بعد اس کے پائلٹ وِنگ کمانڈر ابھی نندن کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔