امریکا ماضی کی قتل و غارت گری پر معافی مانگے، ذبیح اللہ مجاہد 

کابل:طالبان کی عبوری حکومت کے ثقافت اور اطلاعات کے نائب وزیر طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ امریکا افغان جنگ کے دوران کی گئی قتل و غارت گیری پر بھی معافی مانگے اور لواحقین کی تلافی کے طور پر مالی امداد بھی کرنا چاہیے۔

 امریکا نے اگست کے آخر میں ڈرون حملے میں بچوں سمیت 10 افراد کی ہلاکت کو سنگین غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈرون حملے کا نشانہ بننے والے داعش کے مشتبہ خودکش بمبار نہیں بلکہ معصوم شہری تھے۔

امریکا کے اس سفاک اعتراف پر طالبان حکومت کے نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے چینی میڈیا کو انٹرویو میں کہا کہ یہ واحد واقعہ نہیں ہے جب امریکا نے سنگین جرم کا ارتکاب کیا ہو 20سالہ افغان جنگ میں ایسا کئی بار ہوا ہے۔

اس موقع پر ذبیح اللہ مجاہد نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ امریکا کو اپنے ماضی کی قتل و غارت گیری اور جنگی جرائم پر بھی جوابدہ ہونا چاہیے اور لواحقین کو زر تلافی بھی ادا کرنا چاہیے۔

ڈرون حملے میں معصوم جانوں کی ہلاکت کے امریکی اعتراف پر نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے مذمت کرتے کہا کہ یہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور ایک ایسی لاپرواہی ہے جس میں درجنوں قیمتی جانوں کا نقصان ہوا۔