افغانستان کے نائب وزیرِ اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ پاکستان افغانستان کے معاملات میں مداخلت نہیں کررہا،بلکہ دونوں ممالک کے مابین سیاسی روابط ہیں،جبکہ افغانستان میں امن کیلئےپاکستان کی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان کے نائب وزیرِ اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے کابل میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی امن کیلئے کوششیں قابل ستائش ہیں۔ پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے تاہم وزیراعظم عمران خان کی امن کوششوں کو افغانستان میں مداخلت نہ سمجھا جائے ، پاکستان افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کر رہا۔
افغان نائب وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت خطے کے تمام ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں لیکن افغانستان کے اندرونی حالات میں کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں۔
ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ نئی کابینہ میں افغانیوں کی خدمت کرنے والوں کو شامل کریں گے جب کہ مشکلات کے باوجود افغانستان میں جلد استحکام آجائے گا، عالمی برادری کے مثبت مشوروں کی قدر کریں گے تاہم عالمی برادری نئی افغان حکومت کو جلد تسلیم کرے۔
نائب وزیراطلاعات افغان حکومت نے کہا کہ ننگر ہار اور جلال آباد میں حالیہ دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں جب کہ داعش تنظیم کی صورت میں افغانستان میں موجود نہیں۔