جسٹن ٹروڈو تیسری بار وزیراعظم منتخب

اوٹاوا: کینیڈا میں ہونے والے عام انتخابات میں ایک بار پھر لبرل پارٹی نے فتح اپنے نام کی، جس کے بعد جسٹن ٹرڈو کو تیسری بار وزیراعظم منتخب کردیا گیا مگر اس بار وہ واضح اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق کینیڈا میں ہونے والے انتخابات میں حکمراں جماعت نے 156 اضلاع میں کامیابی حاصل کی جبکہ اپوزیشن جماعت 122 اضلاع سے کامیاب قرار پائی۔

یاد رہے کہ وزیراعظم جسٹن ٹرڈو نے گزشتہ ماہ قبل از وقت انتخابات کے انعقاد کا اعلان کیا تھا، یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب سروے میں جسٹن ٹروڈو کی شہرت بہت حد تک کم ہوئی تھی۔

قبل از وقت انتخابات کا اعلان کرنے کے بعد وزیراعظم نے عوام سے کرونا کے خلاف لڑائی اور ملکی معیشت کی بہترین کے لیے موزوں ترین امیدوار کے انتخاب کی درخواست کی تھی۔

اس بار عام انتخابات میں جسٹن ٹروڈو کو زیادہ محنت کرنا پڑی جبکہ انہیں پچھلی بارے کے مقابلے میں کم ووٹ ملے۔

جسٹن ٹرڈو نے اپنی کامیابی کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے کرتے ہوئے عوام کا شکریہ ادا کیا۔

قوم کے نام جاری اپنے پہلے پیغام میں جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ کرونا سے نمٹنے اور خوش حال دنوں کے لیے لبرلز کے ترقی پسند منصوبے کا انتخاب کرنے والے عوام کی توقعات ہر ہم پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔

کینیڈا کی اپوزیشن جماعت کنزرویٹیو کے سربراہ ایرین او ٹولے نے انتخابی نتائج کو تسلیم کرتے ہوئے فاتح جماعت لبرل پارٹی کو مبارک باد دی اور جسٹن ٹروڈو کے ساتھ مل کر کام کرنے کا اعلان کیا۔

کینیڈین میڈیا کے مطابق حکومت بنانے کے لیے کسی بھی جماعت کو مجموعی طور پر 338 میں سے 170 نشستوں کی ضرورت ہوتی ہے، لبرل پارٹی کو کسی دوسری جماعت کے ساتھ اتحاد کر کے نئی حکومت تشکیل دینا ہوگی۔