بھارت نے افغانستان سے سمگل کی جانیوالی 445ارب مالیت کی ہیروئن پکڑ لی

نئی دہلی:افغانستان سے بھارت سمگل کی جانے والی 445 ارب روپے مالیت کی ہیروئن پکڑی گئی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی کے حکام نے گجرات کی بندرگاہ پر 2700 کلوگرام ہیروئن ضبط کی ہے جس کی مالیت دو ارب 70 کروڑ امریکی ڈالر بتائی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق متعلقہ اداروں نے دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور کئی دیگر سے تفتیش کی جا رہی ہے۔افغانستان سے سمگل ہونے والی ہیروئن کو ایران کے راستے بھارت پہنچایا گیا تھا۔

بھارتی خفیہ ایجنسی کے حکام نے اس ضمن میں بتایا ہے کہ انہوں نے خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کی اور بڑی مقدار میں ہیروئن کی سمگلنگ ناکام بنا دی۔حکام نے بتایا کہ نئی دہلی، احمد آباد اور چینئی سمیت پورے ملک کے متعدد شہروں میں تلاشی لی جا رہی ہے۔

ایجنسی نے کہا کہ اب تک کی گئی تحقیقات میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے، جن سے تفتیش جاری ہے۔