کرکٹ ٹیم دورہ منسوخی کی وجہ”سکیورٹی“نہیں تھی، برطانوی ہائی کمشنر

اسلام آباد:برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے پاکستان کو محفوظ ملک قرار دیتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ انگلینڈکرکٹ ٹیم کا دورہ سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے منسوخ نہیں ہوا۔

منگل کو نجی ٹی وی  پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے کہا کہ آج ایک افسوسناک دن ہے۔

 انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہسکیورٹی وجوہات پر منسوخ نہیں ہوا، پاکستان ایک محفوظ ملک ہے، میں خود کو بالکل محفوظ سمجھ رہا ہوں۔

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ کرکٹ ہمارے خون میں ہے ہم سب افسردہ ہیں، برطانوی ٹیم کو 16سال بعد پاکستان آنا تھا برطانوی ٹیم کے دورے کے لیے بہت محنت کی۔

 میری سکیورٹی ایڈوائس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، برطانوی حکومت نہیں انگلش بورڈ کا فیصلہ ہے۔کرسچن ٹرنر نے بتایا کہ ای سی بی نے واضح طور پرکہا کھلاڑیوں کی وجہ سے معذرت کی۔

 برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے سکیورٹی کا کوئی ایشو نہیں اٹھایا گیا، رمیزراجہ اور وسیم خان نے دورے کیلئے بہت کام کیا، یقین دلاتا ہوں آئندہ سال برطانوی ٹیم دورہ کریگی۔

انہوں نے کہا کہ اکتوبرکے دورمیں صرف 3میچزکھیلنا تھے، یقین دلاتا ہوں ٹیم کے دورے کیلئے کام کرینگے، ہمارے کھلاڑی مختلف ملکوں میں لیگ کھیلتے ہیں، ہمارے کئی کھلاڑیوں نے پاکستان میں پی ایس ایل کھیلی، ایک بار پھرکہتا ہوں پاکستان میں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں تھا، انہوں نے کہا کہ رمیزراجہ کے غصے اورمایوسی کو سمجھ سکتا ہوں۔

 پاکستان ٹیم نے حال ہی میں دوبار برطانیہ کا دورہ کیا، پاکستانی کھلاڑی کرکٹ کے سچے اور زبردست سفیر ہیں، بطور سفیرمیرا کام دونوں ملکوں کو قریب لانا ہے۔

کرسچن ٹرنر نے کہا کہ سیکیورببل ہو یا لگا تار دورے کھلاڑیوں پردبا ؤہوتا ہے، میں صرف برطانوی حکومت کی پوزیشن پر رائے دے سکتا ہوں،۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ کوکسی قسم کی سیکیورٹی ایڈوائس نہیں دی گئی، انگلینڈ بورڈ نے سیکیورٹی وجوہات پر دورے سے معذرت نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ میں یہ بات اتھارٹی کیساتھ کہہ سکتا ہوں، اگرسیکیورٹی خدشات ہوتے تو میری ٹریول ایڈوائزری بدل جاتی۔

 نیوزی لینڈ کے دورے کی منسوخی کی وجہ سے بعض کھلاڑی تشویش کا شکارہوئے، برطانوی شہریوں کا خیال رکھنا میرا فرض ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر میں سفر کیا، پہاڑوں پر گھوما، گوادر، کراچی میں گھوما ہوں ایک بار پھر کہتا ہوں پاکستان میں سیکیورٹی کا کوئی خطرہ نہیں ہے، آئیں مل کر کام کریں آئندہ سال کرکٹ کا میلہ سجائیں۔