طالبان کا یو این سیکرٹری کو خط، اعلی سطحی بحث میں شمولیت کی درخواست

 افغان طالبان نےاقوام متحدہ کے سیکٹری جنرل کو خط لکھ کر عالمی فورم میں اپنے سفیر کی تقرری اور اعلیٰ سطحی بحث میں طالبان کو بھی حصہ دینے کی درخواست کردی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان طالبان نےاقوام متحدہ میں عالمی رہنماؤں سے رابطے کے لیے دوحہ میں مقیم اپنے ترجمان سہیل شاہین کوسفیرمقررکرنے کے خواہش کا اظہارکیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس کوخط بھی لکھا گیا ہے جس کی تصدیق سیکرٹری جنرل کے دفترنے بھی کردی ہے کہ طالبان نے اعلی سطح کی بحث میں حصہ لینے کی گزارش کی ہے۔
دوسری جانب افغان طالبان کی اس خواہش کے بعد اقوام متحدہ میں پہلے سے موجود افغان سفیرغلام اسحاق زئی کو پیچیدہ صورتحال کا سامنا ہے۔ انتونیو گوتیریس کے ترجمان کے مطابق اسحاق زئی اب افغانستان کی نمائندگی نہیں کریں گے۔ غلام اسحاق زئی معزول کی گئی حکومت کی جانب سے اقوام متحدہ کے سفیرمقررکیے گئے تھے۔

ترجمان سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ میں افغانستان کی نشست کے لیے حریف درخواست 9 رکنی کمیٹی کو بھیجی دی گئی ہے۔ اس کمیٹی میں امریکا، چین اور روس جیسے ممالک شامل ہیں۔

ترجمان سیکریٹری جنرل کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ میں  طالبان کے سفیر کی قبولیت اس گروپ کی بین الاقوامی پہچان کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہوگا جو معاشی طوربھی بہتری کا سبب ہوگا۔ اوراسی طرح ہی دنیا کے دیگر ممالک بھی  افغانستان میں جامع حکومت اور خواتین  سمیت شہریوں کے حقوق  کے احترام کے لیے دباؤ ڈال سکتے ہیں۔