عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم اور ہردلعزیز پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان 10 سال بعد نئی میوزک ویڈیو ’اجنبی‘ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے جس کی پہلی جھلک سامنے آگئی ہے۔
عاطف اسلم نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی نئی میوزک ویڈیو’ اجنبی‘ کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو یہ خوشخبری سنائی ہے کہ وہ 10 سال بعد ایک بار پھر اداکارہ ماہرہ خان کے ساتھ نظر آنے والے ہیں۔
گلوکار کی جانب سے شیئر کیے گئے میوزک ویڈیو کے پوسٹر پر بھی عاطف اسلم کے ساتھ ماہرہ خان کی تصویر آویزاں ہے۔
اس کے علاوہ گزشتہ روز عاطف اسلم نے انسٹاگرام پر میوزک ویڈیو کا ٹیزر شیئر کرتے ہوئے اسے 25 ستمبر کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے میوزک ویڈیو کا ٹیزر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ان کی آنکھیں بند ہیں لیکن وہ دیکھ سکتے ہیں۔‘
اپنے دونوں بڑے پسندیدہ ستاروں کو ایک بار پھر ساتھ دیکھنے کے لیے مداح بےصبری سے اس نئی میوزک ویڈیو ’اجنبی‘ کی ریلیز کا انتظار کر رہے ہیں۔
خیال رہےکہ 10سال قبل 2011 میں گلوکار عاطف اسلم اور اداکارہ ماہرہ خان نے معروف پاکستانی ہدایتکار اور فلم ساز شعیب منصور کی فلم ’بول‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔