عالمی ادارہ صحت نے تشویشناک انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ فضائی آلودگی کے باعث سالانہ 70 لاکھ افراد ہلاک ہوجاتے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی (اے ایف پی ) کے مطابق ڈبلیو ایچ او نے بدھ کو اپنی فضائی کوالٹی کی سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فضائی آلودگی اب انسانی صحت کے لیے سب سے بڑا ماحولیاتی خطرہ ہے ، جس کی وجہ سے سالانہ 70 لاکھ افراد کی قبل از وقت اموات ہوتی ہیں۔
عالمی ادارہ صحت نے کہا کہ فضائی آلودگی کے خطرے کو کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ 70 لاکھ افراد کی جان بچائی جا سکے۔
ڈبلیو ایچ او نے مزید کہا کہ یہ ہدایات جاری کرنے کا مقصد لوگوں کو فضائی آلودگی کے منفی اثرات سے بچانا ہے اور حکومتوں کے ذریعہ قانونی طور پر ان کو استعمال کرنا ہے ۔
عالمی ادارہ صحت نے آخری مرتبہ 2005 میں فضائی آلودگی سے متعلق ہدایات جاری کی تھیں جس کی وجہ سے دنیا بھر میں آلودگی کم کرنے کی پالیسیوں پر نمایاں اثر پڑا تھا۔