برطانوی وزیراعظم نے عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے

 نیویارک:برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے ماحولیاتی آلودگی اور درختوں کی اہمیت پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ درخت لگانے کے موضوع پر کہنا چاہوں گا کہ ہم برطانیہ میں لاکھوں درخت لگانے جارہے ہیں لیکن میں اس میں بالکل الگ تھا، میں ہر ایک کو اس کی دعوت دیتا ہوں کہ وہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی مثال کو مشعل راہ بنائیں۔

برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان نے صرف پاکستان میں 10بلین درخت لگانے کا عہد کیا اور وہ ایسا کررہے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ ترقی یافتہ دنیا میں یہ بہت ضروری ہے کہ وہ اس راستے پر چلنے کے لیے ترقی پذیر ممالک کی مدد کرنا اپنی ذمہ داری سمجھیں۔