معروف ٹک ٹاکراور متنازع شخصیت حریم شاہ کی جانب سے بلال شاہ سے شادی کا دعویٰ کیے جانے کے بعد اب بلال شاہ نے بھی حریم کے ساتھ شادی کی تصدیق کر دی ہے۔
سوشل میڈیا کے مقبول پلیٹ فارم انسٹاگرام پر حریم شاہ کی اپنے شوہر بلال شاہ کے ساتھ ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں انھیں شوہر کے ہمراہ کھڑے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو کے دوران بلال شاہ کو موبائل میں مگن دیکھا جاسکتا ہے جس پر حریم شاہ کی جانب سے بلال کو مخاطب کرتے ہوئے ویڈیو بننے سے آگاہ کیا جاتا ہے۔
بعد ازاں ویڈیو میں سنا جاسکتا ہے کہ ٹک ٹاکر صندل خٹک کی جانب سے ویڈیو بنانے کے ساتھ حریم کے شوہر بلال شاہ سے پوچھا گیا کہ شادی ہوگئی ہے جس پر بلال شاہ کا کہنا تھا کہ ’’جی ہوگئی ہے’’۔
اس دوران حریم شاہ کی جانب سے ویڈیو بنانے والی خاتون کو نظریں دکھا کر خاموش رہنے کا بھی اشارہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ حریم شاہ شوہر بلال شاہ کے ہمراہ ان دنوں قطر کے دورے پر ہیں جہاں ان کی دوست صندل خٹک بھی موجود ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل حریم شاہ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے شوہر ان سے شادی سے قبل غیر شادی شدہ تھے اور ان کا نام بلال شاہ ہے۔
حریم شاہ کا کہنا تھا کہ بلال شاہ کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے اور وہ سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے بہت قریب ہیں۔