انقرہ: ترک صدر طیب اردوان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ امریکا کے دباؤ اور اعتراضات کے باوجود روس سے مزید ایس 400 میزائل ڈیفنس سسٹم خریدیں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک صدر طیب اردوان نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ترکی اپنے دفاعی نظام سے متعلق فیصلوں میں نہ تو کسی سے ڈکٹیشن لے گا اور نہ ہی کسی دباؤ کو خاطر میں لائے گا۔
طیب اردوان نے روس سے ایس-400 میزائل سسٹم خریدنے سے متعلق کہنا تھا کہ ہم نے 2019 میں امریکا کی مخالفت مول کر یہ سسٹم خریدا کیوں کہ ہماری اولین ترجیح ملک کی سلامتی ہے اور ضرورت پڑی تو مزید میزائل بھی خریدیں گے چاہے کوئی ناراض ہوجائے۔
ترک صدر نے مزید کہا کہ امریکا نے 1.4 ارب ڈالرز کی ادائیگی کے باوجود اب تک ایف-35 اسٹیلتھ طیارے فراہم نہیں کیے ہیں تاہم اس کے باوجود ہم روس سے ایس-400 میزائل کی خریداری جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ ترکی نے 2017 میں زمین سے فضا میں مار کرنے والے روسی ساختہ ایس 400 میزائل سسٹم خریدنے کا معاہدہ کیا تھا جب کہ امریکا کی خواہش تھی کہ ترکی اس سے پیٹریاٹ ڈیفنس سسٹم خریدے۔