ہرات: طالبان نے تاجر کے اغوا میں ملوث 4 اغواکاروں کی لاشوں کو چوک پر لٹکا دیا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان شہر ہرات میں طالبان سے مقابلے کے دوران 4 اغوا کار مارے گئے جن کی لاشوں کو طالبان نے سبق کے طور پر مختلف چوراہوں پر لٹکادیا.
ان لاشوں کو کرین کے ذریعے لٹکایا گیا جب کہ ایک لاش پر تحریر بھی آویزاں تھی جس پر لکھا ہوا تھا کہ اغواکاروں کو ایسے ہی سزا دی جائے گی۔
ہرات کے نائب گورنر شیر احمد عمار کے مطابق 4 افراد ایک تاجر اور اس کے بیٹے کو اغوا کرکے شہر سے باہر لے جارہے تھے تاہم ایک چیک پوائنٹ پر طالبان سے مقابلے کے دوران تمام اغوا کار مارے گئے جب کہ تاجر اور اسکے بیٹے کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا ہے، مقابلے میں ایک طالبان اہلکار بھی زخمی ہوا ہے۔
نائب گورنر ہرات شیر احمد نے کہا کہ امارات اسلامی میں کسی کو بھی عوام کو نقصان پہنچانے یا اغوا کی اجازت نہیں دی جائے گی، اس سے قبل بھی شہر میں اغوا کے واقعات پیش آئے تھے جس میں طالبان نے ایک بچے کو اغواکاروں سے بازیاب کرایا تھا۔