اداکارہ میرا تکذیب نکاح کیس میں کمرہ عدالت میں رو رو کر اپنی صفائیاں پیش کرتی رہیں اور کہا جج صاحب میں دس سال سے انصاف کے لیے در بدر پھر رہی ہوں۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ میرا تکذیبِ نکاح کیس میں ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں پیش ہوئیں۔اداکارہ میرا نے عدالت کو بتایا کہ عتیق الرحمان نے ایک فلم کی عکس بندی میں نکاح کے سین کو اصل نکاح کی ویڈیو کے طور پر پیش کیا، ادکارہ میرا اس موقع پر جذباتی ہوگئیں۔
اداکارہ میرا کمرہ عدالت میں بھی رونے لگیں اور چیخ چیخ کر بولتی رہیں،تاہم عدالت نے انہیں چیخ چیخ کر بولنے سے منع کیا۔
بعد ازاں اداکارہ میرا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے عتیق الرحمان کے ساتھ جھوٹے نکاح کے کیسز کے باعث فلم انڈسٹری کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔
میرا نے کہا کہ میرے کیسز کے باعث سرمایہ کار پیچھے ہٹ گئے اور پاکستان آنے والی فنڈنگ رُک گئی۔
ادکارہ میرا کی ویڈیو کی شہادت پر عدالت نے عتیق الرحمان کے وکلا کو 5 اکتوبر کو دلائل کے لیے طلب کیا ہے۔
واضح رہے کہ فیملی کورٹ نے اداکارہ میرا کو عتیق الرحمان کی بیوی قرار دیا تھا تاہم اداکارہ میرا نے فیملی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کررکھی ہے۔ اداکارہ میرا نے اپیل میں موقف اختیار کیا کہ انہوں نے عتیق الرحمان سے نکاح نہیں کیا۔ عتیق الرحمان نے فیملی کورٹ کو گمراہ کیا۔ فیملی کورٹ نے حقائق کے برعکس فیصلہ سنایا لہذاعدالت فیملی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔