کراچی: لانڈھی مانسہرہ کالونی میں گھر کی دہلیز پر خاتون نے خاتون پر تیزاب پھینک دیا۔
کراچی کے علاقے لانڈھی مانسہرہ کالونی میں گھر کی دہلیز پر خاتون پر تیزاب پھینک دیا گیا، جس کے باعث خاتون جھلس کرزخمی ہوگئی، پولیس کے مطابق شرافی گوٹھ تھانے کے علاقے مدینہ مسجد کے قریب ایک گھر کی دہلیز پر کھڑی عورت پر برقعہ پوش نامعلوم خاتون نے تیزاب پھینکا، جس کی پولیس نے تلاش شروع کردی ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور متاثرہ خاتون کو فوری طور پرسول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیا گیا، جہاں متاثرہ خاتون کی شناخت 32 سالہ مریم بی بی زوجہ ناصر کے نام سے کرلی گئی ہے، ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ صبح ساڑھے10 بجے کے قریب متاثرہ خاتون اپنے گھر پرموجود تھی کہ کسی نے دروازے پر دستک دی، متاثرہ خاتون نے گھر کا دروازہ کھولا توسامنے برقعہ پوش عینک لگائی نامعلوم خاتون کھڑی تھی،جس نے پلک جھپکنے میں خاتون پر تیزاب پھینکا اورفرار ہوگئی۔
پولیس نے بتایا کہ متاثرہ خاتون اپنے شوہر کی دوسری بیوی ہے اوراس کی کوئی اولاد نہیں ہے، جب کہ شوہر کے پہلی بیوی سے تین بچے ہیں اور وہ مانسہرہ کالونی میں رہائش پذیرہیں، متاثرہ خاتون کا شوہرمانسہرہ ڈسٹرکٹ ہزارہ گیا ہوا تھا، پولیس نے متاثرہ خاتون کے شوہر کو اطلاع کردی ہے اور مانسہرہ سے کراچی کے لیے روانہ ہوگیا ہے۔ پولیس کے مطابق تیزاب پھینکے جانے سے متاترہ خاتون 10 فیصد جھلسی ہے اوراس کی حالت خطرے سے باہر ہے، پولیس نے متاثرہ خاتون اوراس کے اہلخانہ کا بیان قلمبند کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔