سعودی عرب میں مقیم دو پاکستانی شہریوں کو سوشل میڈیا پر مشہور ہونے کا شوق مہنگا پڑگیا۔
العربیہ اردو کے مطابق سعودی عرب کے صوبے الجوف میں پولیس نے عوام کو گمراہ کرنے والی ویڈیو بنانے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ویڈیو بنانے والے ملزمان کی عمریں 30 سال ہیں اور ان کا تعلق پاکستان سے ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق گرفتار نوجوانوں نے دکان کے سامنے ویڈیو بنائی اور اس میں فائرنگ کی آوازیں بھی شامل کیں تاکہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوسکے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کے اکاؤنٹس سے شیئر کی گئی ویڈیو تیزی سے وائرل ہوگئی تھی اور عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق دونوں ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے جبکہ ملزمان کو پبلک پراسکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔