عمر شریف بیٹی کی وفات کے بعد ایک برس جی سکے

کامیڈی کے بے تاج بادشاہ اور اسٹیج و ٹی وی کے مقبول ترین مزاحیہ اداکار عمر شریف آج دنیا کو خیرباد کہہ گئے۔

عمر شریف کی صاحبزادی حرا شریف اپنے والد سے گزشتہ برس بچھڑ گئی تھیں۔

عمر شریف کو اُن کی بیٹی کے انتقال کا نہیں بتایا گیا تھا، انہیں صرف یہ بتایا کہ اُن کی بیٹی کی طبیعت خراب ہے۔

بیٹی کی طبیعت اچانک خراب ہونے کا سُن کر عمر شریف نے امریکا میں اپنا پروگرام بھی منسوخ کردیا تھا۔

عمر شریف کی لختِ جگر حرا شریف بھی گردوں میں انفیکشن کے مرض میں مبتلا تھیں اور وہ لاہور کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ حرا عمر شریف گردے کے ٹرانسپلانٹ آپریشن میں پیچیدگی کی وجہ سے انتقال کر گئی تھیں۔

اداکار عمر شریف بیٹی کی یوں اچانک وفات کے بعد افسردہ رہنے لگے تھے جس کے باعث ان کی طبیعت بھی خراب رہتی تھی۔

یاد رہے کہ عمر شریف کو پاکستان سے علاج کی غرض سے 28 ستمبر کو ائیر ایمبولینس کے ذریعے امریکا روانہ کیا گیا تھا تاہم طویل سفر اور تھکاوٹ کے باعث انہیں جرمنی کے اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا جہاں انہیں نمونیہ ہونے اور ائیر ایمبولینس میں فنی خرابی کے باعث اداکار کا جرمنی میں وقفہ طویل ہو گیا اور آج 2 اکتوبر کو ان کی سالی نے عمر شریف کے انتقال کی تصدیق کی۔