عمر شریف کی تدفین سے متعلق وصیت پوری 

کراچی:صوبائی وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان کے معروف کامیڈین عمر شریف کی وصیت کے مطابق تدفین حضرت عبد اللہ شاہ غازی قبرستان میں کی جائے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے معروف کامیڈین عمر شریف کے صاحبزادے جواد عمر نے کہا ہے کہ والد کی خواہش تھی تدفین عبداللہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں کی جائے۔ 

سب سے اپیل ہے مغفرت کے لیے دعا کریں، تدفین سے متعلق انتظامات ہو رہے ہیں جیسے ہی کوئی فیصلہ ہو گا نماز جنازہ کا اعلان کرینگے۔

 انہوں نے کہا کہ والد کی خواہش تھی تدفین عبداللہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں کی جائے، ہم نے سندھ حکومت سے درخواست کی ہے۔

دوسری طرف صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا ہے کہ معروف کامیڈین کی خواہش کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کی تدفین حضرت عبداللہ شاہ غازی قبرستان میں کی جائے گی جس کے انتظامات کر رہے ہیں۔

دوسری طرف عمر شریف کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ جرمنی سے اداکار عمر شریف کی میت پیر کو روانہ کی جائے گی۔ اتوار کی تعطیل کے باعث ضروری کارروائی پیر کو مکمل کی جائے گی۔جبکہ امکان ہے کہ جرمنی سے میت منگل کو کراچی پہنچے گی۔

 خیال رہے کہ عمر شریف کو علاج کی غرض سے 28 ستمبر کو پاکستان سے براستہ جرمنی امریکا منتقل کیا جا رہا تھا تاہم ان کے جرمنی میں عارضی قیام کے دوران ہی ان کی طبیعت مزید بگڑی اور وہ جانبر نہ ہو سکے۔