افغانستان کے دارالحکومت کابل میں عید گاہ مسجد کے دروازے پر بم دھماکے میں متعدد افراد جاں بحق ہوگئے۔
الجزیرہ کے مطابق کابل میں مسجد کے داخلی دروازے پر دھماکا اُس وقت ہوا جب طالبان کے ترجمان اور نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد کی والدہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی جاری تھی۔
طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی کابل میں دھماکے اور اس کے نتیجے میں متعدد افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے تاہم دھماکے میں جاں بحق اور زخمیوں کی تعداد نہیں بتائی گئی۔
ان کا ٹوئٹ میں کہنا تھاکہ کابل میں عیدگاہ مسجد کے دروازے پر بم دھماکے میں متعدد افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ دھماکا عیدگاہ جامع مسجد کے داخلی دروازے کے قریب ہجوم میں ہوا۔
دوسری جانب افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکے کے زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ طالبان جنگجوؤں نے علاقے کی ناکہ بندی کردی ہے۔
اُدھر دھماکے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی نے قبول نہیں کی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ہی طالبان کے ترجمان اور نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد کی والدہ کا انتقال ہوا تھا۔