اسٹاک ہوم: پیغمبرِ اسلام کا گستاخانہ خاکہ بنانے والا سوئیڈن کا ملعون کارٹونسٹ لارس ولکس ٹریفک حادثے میں ہلاک ہوگیا۔
75 سالہ ملعون لارس ولکس گستاخانہ خاکہ بنانے کے بعد سے ہر وقت پولیس کی حفاظت میں رہ رہا تھا۔
سویڈن کی حکومت نے توہین آمیز خاکے بنانے والے لارس ولکس نامی شخص کو کئی برسوں سے پولیس کی سیکیورٹی دے رکھی تھی، لارس ولکس اپنی پولیس سیکیورٹی میں جارہا تھا کہ مارکیریڈ نامی قصبے کے قریب اس کی گاڑی ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔
گاڑی اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں لارس ولکس اور اس کی حفاظت پر مامور 2 پولیس اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، مقامی پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ ابھی تک واضح نہیں کہ کار اور ٹرک کی ٹکر کیسے ہوئی تاہم ابتدائی طور پر واقعہ کسی بھی طرح سے قاتلانہ کارروائی یا حملہ نہیں لگتا۔
2007 میں لارس ولکس نے توہین آمیز خاکے بنائے تھے، جس پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں نے شدید احتجاج کیا تھا، القاعدہ نے کارٹونسٹ کو مارنے والے کو ایک لاکھ ڈالر انعام دینے کا اعلان کیا تھا، 2015 میں ولکس پر ایک مباحثے میں شرکت کے دوران حملہ ہوا تھا لیکن وہ بچ نکلا تھا۔