طوفان شاہین عمان اور ایران کے ساحل سے ٹکرا گیا،9افراد ہلاک 

 عمان/تہران: سمندری طوفان شاہین عمان اور ایران کے ساحل سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں مختلف واقعات میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں دو پاکستانی مزدور بھی شامل ہیں۔

 عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عمان میں آنے والے سمندری طوفان شاہین سے ساحلی علاقوں میں تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ اس دوران لینڈ سلائیڈنگ سے 2 پاکستانی سمیت 3 مزدور ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے۔

 تیز ہواؤں اور موسم کی خرابی کے باعث پروازیں معطل کردی گئیں جب کہ مرکزی شاہراہیں زیر آب آنے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔

 عمان میں حفاظتی تدابیر کے تحت 2 روز کی عام تعطیل کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔ ادھر سمندری طوفان شاہین نے ایران کی بندرگاہ چاہ بہار کو بھی نقصان پہنچایا۔

ایران میں طوفان کے نتیجے میں مختلف واقعات میں 6 افراد لقمہ اجل بن گئے جب کہ بجلی اور مواصلات کا نظام معطل ہوگیا۔ 

طوفان شاہین کی 120 سے 150 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں نے دونوں ممالک میں انفرااسڑکچر کو بھی نققصان پہنچایا۔

 سمندری طوفان کی تباہ کاریوں کو دیکھتے ہوئے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب نے بھی حفاظتی اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔

 دونوں ممالک نے ساحلی علاقوں کے لیے الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔