میرانشاہ: شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز پر ریموٹ کنٹرول بم حملے میں ایک سیکورٹی اہلکار شہید ایک زخمی ہوگیا جبکہ میرانشاہ میں امن مارکیٹ میں ایک شخص کو نامعلوم افراد نے ٹارگٹ کرکے قتل کردیا۔
مقامی پولیس کے مطابق تحصیل گڑیوم میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب سیکورٹی فورسز پر ریموٹ کنٹرول بم حملے میں ایک سیکورٹی اہلکار شہید ہو اہے جبکہ ایک زخمی ہے جس کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
شہید ہونے والے اہلکار کا نام سپاہی فہد جبکہ زخمی اہلکار کا نام تنویر بتایا گیا ہے۔سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
دریں اثناء میرانشاہ میں امن مارکیٹ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے حمید ولد نورباقی جان ساکن پریاٹ تحصیل دوسلی پر فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا جس کو میرانشاہ ہسپتال لیجایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لا کر ہسپتال میں چل بسا۔ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو ئے پولیس نے رپورٹ درج کرکے واقعہ کی تفتیش شروع کردی ہے۔