بنوں میں پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر قتل

پشاور:  ضلع بنوں میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے پاکستان پیپلزپارٹی کے مقامی رہنما کو قتل کردیا۔

 خیبرپختون خواہ کے ضلع بنوں کے مقام کچہری میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے ضلعی صدر اشفاق خان جاں بحق ہوگئے۔

ضلعی صدر کی ہلاکت پر پی پی کارکنان نے احتجاج کیا اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا۔

دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بنوں کے ضلعی صدر کے قتل کو بہیمانہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے صوبائی حکومت کی کارکردگی پر سوال بھی اٹھایا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بنوں کے ضلعی صدر ملک اشفاق خان کے قاتلوں اور اُن کے سرپرستوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔ انہوں نے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کیا۔