روس میں افغانستان سے متعلق بین الاقوامی مذاکرات، طالبان بھی مدعو

ماسکو:روس کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ضمیر کابلوف کا کہنا ہے کہ بیس اکتوبر کو افغانستان کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات میں شمولیت کے لیے افغان طالبان کو بھی ماسکو مدعو کیا جائے گا۔

 جرمن ٹی وی  رپورٹ کے مطابق  یہ مذاکرات بارہ اکتوبر کو افغانستان کے حوالے سے ہونے والی جی ٹوئٹی سمٹ کے بعد ہوں گے۔

 مذاکرات میں  افغانستان میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد  وہاں پیدا ہونے والے انسانی بحران پر قابو پانے کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔

صحافیوں سے گفتگو کے دوران کابلوف سے یہ بھی پوچھا گیا کہ کیا روس، افغانستان میں جہاں انسانی بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے، وہاں امداد بھیجے گا؟ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ روس افغانستان امداد بھیجے گا لیکن امداد کی تفصیلات سے متعلق  ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔