آریان خان کے منشیات کیس میں ملوث ہونے پر بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کو مالی نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق معروف ایجوکیشنل ٹیکنالوجی کمپنی بائیجوس نے شاہ رخ خان کے تمام اشتہارات روک دیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان بائیجوس کے ساتھ 2017 سے وابستہ ہیں تاہم ان کے بیٹے آریان خان کی منشیات کیس میں گرفتاری کے بعد کمپنی نے وہ تمام اشتہارات روک دیے ہیں جن میں شاہ رخ خان موجود ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آریان کی گرفتاری کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بائیجوس سے مطالبہ کیا جارہا تھا کہ وہ اپنے برانڈ ایمبیسڈر کو تبدیل کریں، کیونکہ ایک ایسا شخص جو اپنے بچے کی تربیت نہیں کرسکتا اس کا تعلیم سے متعلق ایپ کی تشہیر کرنا نامناسب ہے اور یہ خود کمپنی کے لیے بھی مفید نہیں۔
خیال رہےکہ شاہ رخ خان متعدد برانڈزکے ایمبیسڈر ہیں جن میں بائیجوس بھی شامل تھی اور برانڈ کی تشہیر پر کمپنی سے انہیں سالانہ 3 سے 4 کروڑ روپے ملتے تھے۔
دوسری جانب عدالت نے شاہ رخ کے بیٹے کو جوڈیشل ریمانڈ پر 14 روز کیلئے جیل بھیج دیا ہے،گزشتہ روز ممبئی کی مقامی عدالت نے آریان اور ان کی دوست مونمُن دھمیچا سمیت دیگر ملزمان کی ضمانت بھی مسترد کردی تھی۔