منشیات کیس میں گرفتار بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر 14 روز کیلئے جیل میں ہیں۔
بھارتی میڈیا نے آریان کی جیل میں گزرنے والی زندگی سے متعلق ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں سپر اسٹار کے بیٹے کے کھانے سے لے کر ان کے سونے اور جاگنے کے اوقات کار بتائے گئے ہیں۔
آریان خان اس وقت ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں بیرک نمبر ایک میں ہیں جہاں وہ اپنے قرنطینہ کے پانچ دن مکمل کریں گے۔
ان سے متعلق یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ اداکار کے بیٹے کو صبح 6 بجے جگایا جاتا ہے جس کے بعد 7 بجے ناشتہ دیا جاتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق آریان کو ناشتے میں شیرا اور پوہا (بھارتی ڈِش جو کہ چاولوں کی ایک قسم ہے) دیا جاتا ہے۔ پھر 11 بجے دوپہر کا کھانا دیا جاتا ہے جس میں چپاتی کے ساتھ سبزی اور دال چاول ہوتے ہیں۔
آریان کو شام 6 بجے رات کا کھانا دیا جاتا ہے لیکن وہ چاہیں تو 6 کی بجائے رات 8 بجے کھانا کھا سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں اگر کسی بھی ملزم کو مزید کھانا چاہیے تو وہ کینٹین سے جاکر خرید کر کھا سکتا ہے۔
این سی بی کی جانب سے جیل کے اطراف میں چہل قدمی کی اجازت ہے لیکن فی الحال آریان 5 دن کیلئے قرنطینہ میں ہونے کی وجہ سے باہر نہیں نکل سکتے۔