لندن: اگرچہ سرطان میں ورزش کے اثرات پر پہلے بھی بہت تحقیق ہوچکی ہے لیکن اب پورے بدن اور ہڈیوں پر چڑھے پٹھوں کی ورزش کے سرطانی رسولیوں پر اثرات پر کیمیائی سطح کی تحقیق سامنے آئی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ ورزش کرنے سے میوکائنز جیسے پروٹین کا اخراج بڑھ جاتا ہے جس سے بدن میں موجود سرطانی رسولیاں سکڑنے لگتی ہیں یا پھر ان کی نمو سست پڑجاتی ہے۔
یہ بھی پتا چلا کہ کینسر کے علاج سے گزرنے والے افراد اگرورزش کی ہمت کرلیں تو اس سے ان کے علاج میں بھی تیزی آتی ہے۔ لیکن اب بھی سائنسدانوں کو اس کی پوری وجہ جاننا ضروری ہے۔
ماہرین نے پروسٹیٹ کینسر کے 10 مریض منتخب کرکے انہیں 12 ہفتے تک ورزش کرائی اور ساتھ میں ان سے اینڈروجن ڈیپرائیویشن تھراپی بھی کروائی جاتی رہی۔
اس میں ایئروبِک اور پٹھے مضبوط کرنے والی ورزشیں شامل تھی۔ مریضوں کو پروٹین سپلیمنٹ اورمحدود کیلوری والی غذائیں دی گئیں۔
ان سب کا مقصد خون میں میوکائنز کی سطح معلوم کرنا تھا۔ یہ پٹھے بنانے والا ایک ہارمون ہے جو ورزش کے دوران جسمانی ڈھانچے سے خارج ہوتا رہتا ہے۔