پاکستان کا جی ایس پلس اسٹیٹس توسیع کیلئے یورپی پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

پاکستان نے جی ایس پلس اسٹیٹس میں توسیع کے لیے یورپی ارکان پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور یورپ روانہ ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور یورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر ڈاکٹر فابیو کی دعوت پر10 روزہ دورے کے لئے یورپ روانہ ہوگئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گورنر پنجاب کو جی ایس پی پلس کے معاملے پر اہم ٹاسک سونپا ہے، اور  اس حوالے سے چوہدری محمدسرور یورپی یونین کےنائب صدر، مانیٹرنگ کمیشن اور ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کریں گے۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ابتک جی ایس پلس اسٹیٹس کی وجہ سے 24 ارب ڈالرز کا فائدہ ہوچکا ہے، پاکستان دشمنوں قوتوں کے عزائم کو ناکا م بنایا جائے گا، جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع کا معاملہ حل ہوجائے گا، افغانستان اور خطے میں امن کیلئے پاکستانی کردار بارے بھی یورپی اراکین کو حقائق بتائے جائیں گے، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان صرف افغانستان ہی نہیں پوری دنیا میں امن کی بات کررہا ہے، بھارت کے اپنے جھوٹ کو سچ ثابت کر نے کے عزائم کو یورپ میں بھی ناکام بنایا جائے گا۔