ڈیرہ اسماعیل خان:محسود ٹاؤن ظفرآباد میں خواتین کے تنازعے پر ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے باپ‘بیٹے اور بھتیجے کو خون میں نہلادیا، تینوں موقع پر دم توڑ گئے،ایک بیٹابال بال بچ گیا، مقتولین کی لاشیں پوسٹمارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں۔
چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا، تھانہ ٹاؤن کی حدود ظفرآباد کالونی محسود ٹاؤن میں فجر کی نماز پڑھنے کے بعد احمد خان اپنے دو بیٹوں نصیب اللہ،محمد قاسم اور بھتیجے علاؤالدین کے ساتھ مسجد عثمانیہ سے گھر جارہا تھا کہ گھر کے قریب گلی میں مسلح ملزمان نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے احمد خان،اس کا بیٹا نصیب اللہ اور بھتیجا علاؤالدین موقع پر جاں بحق جبکہ دوسرا بیٹا محمد قاسم بال بال بچ گیا۔
مقتول کے بیٹے محمد قاسم نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے والد،بھائی اور چچا زاد کے ساتھ مسجد عثمانیہ میں نماز فجر پڑھنے کے بعد گھرآرہے تھے جونہی گھر کے قریب پہنچے تو ملزمان ارمان اللہ ولد محمد شفیع،رحمت اللہ ولد سیف اللہ اقوام محسود ساکنان نائیویکہ،محمد یوسف ولد صدر اعظم اور صدر اعظم ولد حاجی ظریف اقوام محسود ساکنان کورائی آئے اورگولیوں کی بوچھا ڑ کردی۔
فائرنگ سے والد،بھائی اور چچا زاد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ میں خوش قسمتی سے بال بال بچ گیا،پولیس موقع پر پہنچ گئی،تینوں لاشوں کو ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں پوسٹمارٹم کے بعد لاشیں لواحقین کے سپرد کردی گئیں۔
وجہ عداوت خواتین کا تنازع بتایا گیا،پولیس نے محمد قاسم کی رپورٹ پر چاروں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔