ماسکو: روس میں ایک بار پھرکورونا وبا نے پنجے گاڑھ لئے، وبا کے آغاز سے اب تک ایک دن میں ریکارڈ اموات ہوئیں ہیں۔
روس کی سرکاری کورونا وائرس ٹاسک فورس کے مطابق ملک میں کورونا سے اموات میں تیزی سے اضافہ دیکھا جارہا ہے، گذشتہ روز بھی ریکارڈ 973 افراد اس وبا کا شکار ہوکر چل بسے تھے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق روس میں آج کورونا وائرس کے 28،717 نئے کیسز ریکارڈ کئے گئے جبکہ کووڈ 19 سے 984 اموات ہوئیں جو یومیہ اموات کا ایک ریکارڈ ہے۔
روسی وزیر صحت میخائل مراشکو نے میڈیا کو بتایا کہ ملک بھر کے اسپتالوں میں کورونا کے لئے 255،000 بیڈز مختص ہیں ، جن میں سے تقریبا 23 235،000 پر مریض موجود ہیں جبکہ 6،000 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔
روس کی کورونا وائرس ٹاسک فورس کے مطابق ملک میں 7.8 ملین کرونا کے تصدیق شدہ کیسز ہے جبکہ عالمی وبا سے ہلاک افراد کی تعداد 218،345 ہے جو کہ یورپ میں سب سے زیادہ ہیں۔
کورونا وبا میں اضافے کے باعث روس کے مغربی علاقوں میں معمول کے آپریشن ملتوی کئے جاچکے جبکہ ان علاقوں میں کورونا کے مختص وارڈ میں گنجائش ختم ہوچکی ہے۔
مقامی حکام نے خبردار کیا ہے کہ صورت حال انتہائی خطرناک ہے، مریضوں میں تیزی سے اضافے کے باعث اس بات کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے کہ اسپتال کی راہداریوں میں مریضوں کا علاج کرنا پڑسکتا ہے۔
ادھر حکومت نے ویکسینیشن کی سست شرح پر انفیکشن اور اموات میں تیزی سے اضافے کی بڑی وجہ قرار دیا ہے۔
روس کی تیار کردہ ویکسین کی متعدد خوراکیں کئی ماہ سے دستیاب ہیں لیکن حکام ویکسین لگوانے سے متعلق شکوک و شبہات رکھنے والے عوام کی حوصلہ افزائی کرنے کی جدو جہد کر رہے ہیں۔
رائے شماری سے ظاہر ہوا ہے کہ نصف سے زائد روسی شہری ویکسین لگوانے کا ارادہ نہیں رکھتے۔
خطوں میں کورونا وائرس کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ ‘ گوگوو’ کے مطابق روس کی 14 کروڑ 60 لاکھ کی آبادی میں سے صرف 30 فیصد کی ویکسی نیشن مکمل ہوئی تھی۔