نوشہرہ: تھانہ نوشہرہ کلاں کی حدود میں ٹینکی روڈ پرنامعلوم موٹر سائکل سواروں کی فائرنگ سے ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکار لیاقت شہید ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق نوشہرہ کلاں میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران پولیس اہلکار علاقے میں معمول کی گشت پر تھےکہ اس دوران موٹر سائکل پر سوار 3 مشکوک افراد تیزی سے ٹینکی روڈ پر جارہے تھے، جن کو جیسے ہی پولیس نے رکنے کا اشارہ کیا تو موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی۔
فائرنگ سے پولیس اہلکار لیاقت شدید زخمی ہوگئے جنہیں فورا" قاضی میڈیکل کمپلیکس لے جایا گیا جہاں بعد میں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔
دوسری جانب پولیس کی جوابی فائرنگ سے نامعلوم ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور سرچ آپریشن شروع کردی ہے۔