کوئٹہ، پولیس گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا گیا ، ایک اہلکار شہید،16افراد زخمی

کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ میں دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 13 پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد زخمی ہوگئے۔

ترجمان محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے مطابق سریاب روڈ پر بلوچستان یونیورسٹی کے قریب ہونے والے دھماکے میں ایک پولیس اہلکارجاں بحق ہوگیا، 13پولیس اہلکار اور 3راہگیر بھی زخمی ہوئے۔

تمام زخمی پولیس اہلکار اور تینوں راہ گیروں کو  سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے ذریعے پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکا موٹر سائیکل میں نصب ڈیوائس کےذریعے کیا گیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے  سریاب روڈ دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی ہے اور  تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے دھماکےمیں پولیس اہلکارکی شہادت اور  زخمی افراد کلئے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ  تخریب کار عناصر صوبے کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں، دہشت گردوں کو مذموم مقاصد میں کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔