واشنگٹن:امریکہ نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغانستان کے لئے تقریباً 14 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی امداد دینے کا اعلان کردیا۔
قومی سلامتی کونسل کی ترجمان ایملی ہورن نے کہا ہے کہ یہ امریکی امداد ایک کروڑ 84 لاکھ سے زائد متاثرہ افغانوں میں براہ راست تقسیم کی جائے گی۔
ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق انہوں نے بتایا کہ ان متاثرہ افراد میں ہمسایہ ملکوں میں موجود افغان مہاجرین بھی شامل ہیں۔ اس کام میں آزادانہ طور پر کام کرنے والی تنظیموں کی مدد حاصل کی جائے گی۔
اس اضافی امداد کے بعد سال 2021 کے دوران امریکہ کی جانب سے افغانستان کواب تک مجموعی طور پر تقریبا ً47 کروڑ 40 لاکھ ڈالر دیے جا چکے ہیں۔ جو کسی ملک کی جانب سے دی جانے والی سب سے بڑی امداد ہے۔
امداد سے عارضی پناہ گاہیں،روزگار کے وسائل کی فراہمی، صحت کی دیکھ بھال، سرد موسم سے تحفظ، خوراک کی ہنگامی امداد، پانی،طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اقوام متحدہ کی تنظیموں نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان میں بنیادی انسانی ضروریات کی شدید قلت مزید بڑھتی جا رہی ہے۔ افغانستان کی اندازا چار کروڑ آبادی کا نصف حصہ یعنی دو کروڑ 28 لاکھ افغان باشندوں کو نومبر سے خوراک کی شدید کمی درپیش ہو گی۔
رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر اس سال کے آخر تک پانچ سال سے کم عمر کے 30 لاکھ 20 ہزار بچوں کو غذائیت کی شدید کمی کا سامنا ہو گا