پشاور:تھانہ چمکنی کے علاقے جی ٹی روڈ پر تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار کمسن بہن بھائی جاں بحق جبکہ والد معجزانہ طور پر بچ گیاپولیس نے ڈرائیور کوٹرک سمیت گرفتارکرکے مقدمہ درج کرلیا۔
عزیز اللہ جان ولد انعام اللہ ساکن باڑہ گیٹ حال رسالپور نے رپورٹ درج کراتے ہوئے چمکنی پولیس کو بتایا کہ ہفتہ کے روز میں اپنے بچوں 13سالہ عائشہ مدینہ اور 8سالہ بیٹے احمد حسین خان کے ہمراہ موٹرسائیکل نمبر ایف سی 8510پر رسالپور سے باڑہ گیٹ آرہا تھاکہ راستہ میں جی ٹی روڈ پر چمکنی کے قریب پیچھے سے آنے والے ٹرک نمبر ای 9238 نے انہیں ٹکر ماردی جس کے نتیجہ میں ٹرک دونوں بچوں پر چڑھ دوڑااور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ میں معجزانہ طور پر بچ گیا۔
وقوعہ کے بعد مقامی افراد کی مدد سے ڈرائیور کو قابو کرلیا پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد میتیں ورثا کے حوالے کردیں جبکہ ڈرائیور حضرت جان ولد محمد ارمان ساکن عیسی خیل ناگمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔