بیجنگ: چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ جھوٹ جتنا بھی دہرایا جائے، جھوٹ ہی رہتا ہے، وائرس کے ما خذ با رے امر یکی رپورٹ سیا سی اور جھوٹ پر مبنی ہے۔
امریکہ کی نیشنل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر آفس نے نوول کورونا وائرس کے ماخذ کا سراغ لگانے کے بارے میں ٹریس ایبلٹی رپورٹ کا "ڈی کلاسیفائیڈ ورژن" جاری کیا۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بین نے اس رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگست میں نام نہاد ٹریس ایبلٹی رپورٹ کا خلاصہ جاری کیا تھا جس کی چین نے شدیدمخالفت کی تھی، تاہم جھوٹ جتنا بھی دہرایا جائے، جھوٹ ہی رہتا ہے۔
امریکی رپورٹ خواہ جتنی مرتبہ بھی شائع ہو اور اس کے جتنے بھی ورژن کیوں نہ بنائے جائیں، یہ ایک سیاسی اور جھوٹی رپورٹ ہی رہے گی جس کی کوئی سائنسی بنیاد یا معتبر ساکھ نہیں ہے۔
چینی ترجمان نے مزید کہا کہ حال ہی میں، 80 سے زائد ممالک نے WHO کے ڈائریکٹر جنرل کو خطوط لکھ کر یا بیانات جاری کر کے، چین-WHO کی مشترکہ تحقیقی رپورٹ کی پوزیشن کو برقرار رکھتے ہوئے ٹریس ایبلٹی کے معاملات کو سیاسی بنانے کے خلاف اپنے اٹل موقف کا واضح اظہار کیا ہے۔
100 سے زائد ممالک اور خطوں میں 300 سے زائد سیاسی جماعتوں، سماجی تنظیموں اور تھنک ٹینکس نے WHO سیکرٹریٹ میں ٹریس ایبلٹی کو سیاسی بنانے کے خلاف مشترکہ بیان جمع کروایا۔ یہ عالمی برادری کی منصفانہ رائیاور صدا ہے۔
امریکہ کو اب دوسروں پر الزام تراشی کو روکنا چاہیے اور اپنے ملک میں انسداد وبا اور عالمی تعاون پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ امریکہ کو چاہیے کہ سیاسی ہیرا پھیری کو روکے اور عالمی سائنسدانوں کے لیے ایسے حالات پیدا کرے کہ وہ ٹریس ایبلٹی تعاون کو انجام دے سکیں۔
اس کے ساتھ ساتھ چین پر حملے کرنا اور اسے بدنام کرنے کا سلسلہ بند کرے، عالمی برادری کے جائز خدشات کا جواب دے، ڈبلیو ایچ او کے ماہرین کی جانب سے معائنے اورتحقیقات کرنے کو قبول کرے اور معائنے کے لئیے فورٹ ڈیٹرک کی حیاتیاتی لیب اور حیاتیاتی تجرباتی اڈے کھولے۔