کرکٹ: سب اچھا کی اُمید

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم اب تک نہ صرف ناقابل تسخیر ہے بلکہ اس کی سیمی فائنل میں رسائی بھی یقینی دکھائی دے رہی ہے لیکن پاکستان کیلئے دیگر ٹیموں کے مقابلے اہم ہیں اور پاکستان کی نظریں گروپ کی دیگر ٹیموں پر جمی ہوئی ہیں کیونکہ کسی بھی ’اپ سیٹ‘ کی صورت معاملہ ’نیٹ رن ریٹ‘ پر جا سکتا ہے جہاں افغانستان سب سے بہتر پوزیشن میں ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ میں کل 45 مقابلے ہونے ہیں جن میں سے پاکستان بمقابلہ سکاٹ لینڈ 41واں مقابلہ ہوگا جو سات نومبر کی شام پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے کھیلا جائے گا اور قوی اُمید ہے کہ پاکستان اِس میں سکاٹ لینڈ کو باآسانی شکست دیدے گا۔ اس سے قبل سکاٹ لینڈ کا مقابلہ بھارت کے ساتھ پانچ نومبر کو ہوگا‘ جسے سکاٹ لینڈ کیلئے جیتنا کسی خواب جیسا ہی سہانا ہے۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ ٹو میں پاکستان‘ نیوزی لینڈ‘ بھارت‘ نمیبیا‘ سکاٹ لینڈ اور افغانستان کی کرکٹ ٹیمیں شامل ہیں۔ پاکستان اب تک اس گروپ میں سب سے زیادہ یعنی تین میچ کھیل چکا ہے اور اسے تینوں میں ہی فتوحات حاصل ہوئی ہیں یوں پاکستان کے چھ پوائنٹس ہیں اور وہ گروپ میں سرفہرست ہے اور اس کی سیمی فائنل مرحلے تک رسائی اس لئے قریب یقینی ہے کیونکہ اس کے اگلے دو میچ نمیبیا اور سکاٹ لینڈ کے خلاف ہیں جن کے خلاف پاکستان ٹیم کی فتح کے امکانات زیادہ روشن ہیں۔ ٹورنامنٹ کے مراحل ایسے ہیں کہ دو گروپس میں سرِ فہرست رہنے والی دو ٹیموں کی اگلے مرحلے تک رسائی حاصل ہو گی۔ ایسے میں اس وقت سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کیلئے ایک جگہ ہے جسے حاصل کرنے کیلئے متعدد ٹیمیں کوشاں ہیں۔ اِس گروپ کے حوالے سے ابھی سے اندازے اس لئے لگائے جا رہے ہیں کیونکہ اس میں دو ایسوسی ایٹ ٹیمز شامل ہیں جن کے نیوزی لینڈ‘ پاکستان اور بھارت کو اپ سیٹ کرنے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔ ایسے میں اس ایک جگہ کیلئے کم از کم تین ٹیمیں یعنی بھارت نیوزی لینڈ اور افغانستان لڑ رہی ہیں۔ ان تین ٹیموں نے اب تک آپس میں کوئی میچ نہیں کھیلا‘ اس لئے ان کے آپس کے میچوں کے نتائج یہ فیصلہ کریں گے کہ کون سی ٹیم سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرے گی۔ بھارت کا افغانستان کے خلاف تین نومبر جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف سات نومبر کے میچز اہم ہیں۔ پاکستان نے جب نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تو اس وقت بھارت کے مداح بھی اس میچ کو بے چینی سے دیکھ رہے تھے کیونکہ نیوزی لینڈ کی فتح کی صورت میں بھارت کیلئے ٹورنامنٹ میں واپسی مشکل ہو سکتی تھی لیکن پاکستان کی جیت نے بھارت کو نیوزی لینڈ کے ہم پلہ کر دیا ہے لیکن اگر یہ ٹیمیں ان میں سے ایک میچ جیتتی ہیں اور ایک ہارتی ہیں اور نمیبیا اور سکاٹ لینڈ کے خلاف بھی میچ جیت جاتی ہیں (افغانستان‘ سکاٹ لینڈ کو پہلے ہی شکست دے چکا ہے) تو معاملہ نیٹ رن ریٹ پر آ جائے گا یعنی جس ٹیم کا نیٹ رن ریٹ (NRR) بہتر ہو گا وہی اگلے راؤنڈ تک جائے گی۔ خیال رہے کہ حساب کتاب یہ فرض کرتے ہوئے لگایا گیا ہے کہ سکاٹ لینڈ‘ نمیبیا ان ٹیموں کے خلاف کوئی اپ سیٹ نہیں کریں گی۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو پھر مذکورہ ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی ممکن نہیں ہو گی۔ لائق توجہ ہے کہ افغانستان کی ٹیم نے جاری مقابلوں میں اب تک عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور گروپ کی اب تک کی بہترین ٹیم پاکستان کو بھی خوب ٹکر دی ہے۔ ساتھ ہی ساتھ سکاٹ لینڈ کو بڑے فرق سے شکست دینے کے باعث ان کا نیٹ رن ریٹ بھی گروپ میں سب سے اچھا ہے۔