کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ میں جنگلی حیات کے تحفظ سے متعلق ایک تنظیم نے پہلی بار ایک چمگادڑ کو اس سال کا مقبول ترین ’پرندہ‘ قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ چمگادڑ کا شمار پرندوں میں نہیں بلکہ ممالیوں یعنی اپنے بچوں کو دودھ پلانے والے جانوروں میں ہوتا ہے، البتہ یہ پرندوں کی طرح اُڑ سکتی ہے۔
یہ اعزاز نیوزی لینڈ کے جنگلات میں پائی جانے والی ایک ایسی چمگادڑ کو دیا گیا ہے جس کی دُم خاصی اس کی چھوٹی جسامت کے مقابلے میں نسبتاً لمبی ہوتی ہے۔ مقامی زبان میں اسے ’’پیکاپیکا توروآ‘‘ کہا جاتا ہے۔
نیوزی لینڈ میں جنگلی حیات اور جنگلات کے تحفظ کےلیے کام کرنے والی تنظیم ’’دی فاریسٹ اینڈ برڈ‘‘ نے گزشتہ ماہ عوامی آگہی کےلیے ایک آن لائن سروے کیا جس میں نیوزی لینڈ کے مقامی شرکا سے پوچھا گیا کہ وہ کس پرندے کو سب سے زیادہ پسند کرتے ہیں۔
اس سروے میں لمبی دم والی چمگادڑ کا نام بھی شامل تھا جسے سروے میں سب سے زیادہ شرکا نے ووٹ دیئے اور یوں یہ اس سال کا ’مقبول ترین پرندہ‘ قرار پائی۔
’’پیکاپیکا توروآ‘‘ ایک معصوم جانور ہے جو ماحولیاتی تبدیلیوں اور جنگلات میں کمی کے باعث معدومیت کے قریب پہنچ چکا ہے۔
اس سال آن لائن سروے میں 56,733 ووٹ ڈالے گئے۔ لمبی دم والی چمگادڑ کو 7,031 ووٹ ملے، جو سب سے زیادہ تھے۔
4,072 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ’’کاکاپو‘‘ نامی پرندہ رہا جو پچھلے سال اس مقابلے کا فاتح بھی تھا۔
نیوزی لینڈ میں تحفظِ ماحول و جنگلی حیات کے محکمے نے پہلے ہی ’’پیکاپیکا توروآ‘‘ کو معدومیت کے شدید خطرے میں مبتلا جانوروں کی فہرست میں شامل کیا ہوا ہے۔