کراچی: کراچی میں 3 بہنوں کو اغوا کے بعد مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا، متاثرہ لڑکیوں میں ایک لڑکی کی 2 ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی، پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے عزیز آباد سے تعلق رکھنے والی 3 بہنوں کو اغوا کے بعد مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے کا انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اغوا کے بعد مبینہ زیادتی کا نشانہ بننے والی 2 لڑکیاں سگی بہنیں ہیں جبکہ تیسری لڑکی ان کی کزن ہے۔
تینوں لڑکیوں کی عمریں 15 سال، 16 سال اور 18 سال بتائی گئی ہیں، جبکہ یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ ایک لڑکی کی 2 ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی۔
18 سالہ لڑکی کی 2 ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی جس کے بعد اس کی طلاق بھی ہو چکی۔
پولیس کے مطابق انہیں 2 روز قبل شکایت موصول ہوئی کہ عزیز آباد کے علاقے سے 3 لڑکیوں کو گھر کے سامنے سے اغوا کر لیا گیا، جس کے بعد تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔
بعد ازاں تینوں لڑکیوں کو مبینہ اغوا کار ان کے گھر کے سامنے ہی پھینک کر فرار ہو گئے، تینوں لڑکیوں کو حالت خراب ہونے کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق تینوں لڑکیوں کو طبی امداد کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا جہاں ایک لڑکی نے انکشاف کیا کہ انہیں اغوا کے بعد نشہ آور چیز دے کر بے ہوش کیا گیا اور پھر زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔