کورونا کا علاج بذریعہ گولی؛ برطانیہ نے پہل کردی

یو کے میڈیسن ریگولیٹری نے کورونا کےعلاج کے لیےگولی (ٹیبلٹ) کے استعمال کی منظوری دے دی،اور یوں برطانیہ کورونا کے علاج کے لیے اینٹی وائرل گولی کی منظوری دینے والا پہلا ملک بن گیا ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی کمپنی کی گولی کورونا سے متاثرہ ہلکے اور  درمیانی نوعیت کے انفیکشن والے مریضوں کو دی جائےگی۔

مولنوپیراوِر (molnupiravir) گولی کو منظوری دینے کے بعد برطانیہ کورونا کے علاج کے لیے اینٹی وائرل گولی کی منظوری دینے والا پہلا ملک بن گیا ہے، یہ گولی دن میں دو بار ان کمزور مریضوں کو دی جائے گی جو کورونا سے حال ہی میں متاثر ہوئے ہوں۔

 برطانوی وزیر صحت ساجد جاوید کا کہنا ہے کہ کوویڈ 19 سے متاثرہ افراد اینٹی وائرل گولی گھر پر بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ یہ گولی بنیادی طور پر فلو کےعلاج کے لیے بنائی گئی تھی، کلینیکل ٹرائلز میں ثابت ہوا ہےکہ یہ گولی مریض کے اسپتال میں داخل ہونے یا موت کے خطرے کو تقریباً نصف تک کم کر دیتی ہے۔